ریڈ زون میں وزارتوں کے لیے آج ورک فرام ہوم کا اعلان

Calender Icon منگل 23 جون 2026

کابینہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں قائم وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے آج 23 جون کو ورک فرام ہوم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں واقع تمام وزارتیں اور ڈویژنز آج اپنے معمول کے دفتری امور گھروں سے انجام دیں گی، تاہم قومی اہمیت کے حامل بعض ادارے اور وزارتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور سرکاری ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس، کابینہ ڈویژن اور فنانس ڈویژن معمول کے مطابق کام کریں گے۔ اسی طرح وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون، وزارت تجارت اور وزارت صنعت و پیداوار کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔

مزید برآں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارت پارلیمانی امور، پلاننگ ڈویژن، سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھی دفتری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں:ایرانی صدر آج پاکستان پہنچیں گے، سیکیورٹی انتہائی سخت

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

حکام کے مطابق ورک فرام ہوم کا یہ فیصلہ انتظامی ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جبکہ اہم سرکاری اداروں کی معمول کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے انہیں اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔