ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں آج میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل رہے گی، جبکہ اسلام آباد کے تمام ٹریلز بھی عوام کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے روٹ پر آج میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ تاہم راولپنڈی میں صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک میٹرو بس سروس صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک معمول کے مطابق دستیاب رہے گی تاکہ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید پڑھیں:ایرانی صدر آج پاکستان پہنچیں گے، سیکیورٹی انتہائی سخت
حکام کے مطابق آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس پورے دن معطل رہے گی، جبکہ اس دوران سیکیورٹی انتظامات کے باعث متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر ریڈ زون اور اس سے ملحقہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور سفر سے قبل ٹریفک کی صورتحال اور متبادل راستوں سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد کے تمام ٹریلز بھی آج بند رہیں گے۔ متعلقہ حکام کے مطابق یہ اقدامات معزز مہمان کی آمد، وی آئی پی نقل و حرکت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔












منگل 23 جون 2026 