سعودی عرب میں کریک ڈاؤن، 1 ہفتے میں 11 ہزار سے زائد تارکین وطن ملک بدر

Calender Icon اتوار 28 جون 2026

ریاض: سعودی عرب نے ملک بھر میں جاری سیکیورٹی مہم (Security Measures)کے دوران ایک ہفتے میں 11 ہزار 297 غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں جاری سیکیورٹی مہم کے دوران ایک ہفتے میں 15 ہزار 231 افراد کو رہائش، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

18 سے 24 جون کے دوران ہونے والی مشترکہ کارروائیوں میں 7 ہزار 589 افراد رہائشی قوانین، 4 ہزار 443 افراد سرحدی قوانین اور 3 ہزار 199 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے۔

اسی دوران 15 ہزار 109 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے متعلقہ سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا۔ جبکہ مزید 3 ہزار 618 افراد کی ملک واپسی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 763 افراد کو بھی گرفتار کیا۔ جن میں 55 فیصد ایتھوپیا، 44 فیصد یمن اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل تھے۔ مزید 53 افراد غیر قانونی طور پر ملک چھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ جبکہ 22 افراد کو غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ، ملازمت یا نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں:مفرور سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کا بنگلادیش واپس جانے کا اعلان

سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی مدد کرنے والوں کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ اور استعمال ہونے والی گاڑی یا جائیداد کی ضبطی جیسی سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔