شہر قائد کے علاقے کلفٹن (clifton)میں لائسنس آفس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت 21 سالہ حافظ علی حیدر ولد محمد سلیم، 20 سالہ سمامہ ولد محمد اویس، 19 سالہ مبشر ولد نامعلوم اور 22 سالہ حافظ محمد طلحہ ولد غلام مصطفیٰ اور اور حافظ محسن رضا کے نام سے ہوئی ہے۔
تمام زخمیوں کا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے ہے اور وہ فیضان مدینہ، پرانی سبزی منڈی کے قافلے کے ہمراہ کراچی آئے تھے۔
زخمی حافظ محسن کے بیان کے مطابق آٹھ افراد رکشے میں سوار ہو کر حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری کے لیے جا رہے تھے کہ دو تلوار کے قریب مسلح افراد نے رکنے کا اشارہ کیا۔
مزیدپڑھیں:آن لائن فراڈ، دھوکا دہی میں پنجاب سب سے آگے
رکشہ ڈرائیور کے نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ ملزمان واردات کے بعد زخمیوں سے موبائل فون بھی چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں جبکہ یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرک ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔












منگل 30 جون 2026 