پی سی بی(PCB) کے بجٹ میں کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس کیلیے 1100 ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں، رواں برس 45 کرکٹرز کو5 کیٹیگریز میں معاہدوں سے نوازا جائے گا۔
کیٹیگری اے بی (ٹیسٹ اور ون ڈے ) کو ٹیسٹ کی میچ فیس15 لاکھ، ون ڈے ساڑھے 7 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میں 5 لاکھ روپے ملے گی، کیٹیگری اے (ٹیسٹ) کی ٹیسٹ فیس 15 لاکھ، ون ڈے ساڑھے6 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی ساڑھے 4 لاکھ ہو گی، کیٹیگری بی سی ( ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ) کی ٹیسٹ فیس 9 لاکھ، ون ڈے ساڑھے 7 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میں 5 لاکھ مقرر کی گئی ہے، کیٹیگری سی ( ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) کی ٹیسٹ فیس 7 لاکھ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی 5،5 لاکھ ہوگی۔
اس وقت تمام 30 زیرمعاہدہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میں1257795، ون ڈے 644620 اور ٹی ٹوئنٹی میں 418584 معاوضہ ملتا ہے۔ مینز ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، مجموعی طور پر4 کیٹیگریز میں 175پلیئرز سے معاہدے ہوں گے، ون کے 30 پلیئرز ماہانہ ساڑھے تین لاکھ،ٹو کے 55 کھلاڑی ڈھائی جبکہ تھری کے 55 کرکٹرز ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ پائیں گے، فور کے 35 نوجوانوں کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:جنگ کے بعد حالات بدل چکے ہیں، امریکا کو موجودہ حقائق تسلیم کرنا ہوں گے، باقر قالیباف
قائد اعظم ٹرافی کے پلیئرز کی میچ فیس 30 ہزار سے ایک لاکھ ہو چکی، ریزرو کرکٹرز کو 15 کے بجائے 50 ہزار فی میچ ملیں گے۔ ویمن کرکٹرز کی سینٹرل کنٹریکٹ فیس میں بھی نظرثانی کی گئی ہے، ابتدائی چار کیٹیگریز کو 33،33 فیصد جبکہ آخری کیٹیگری کو50 فیصد انکریمنٹ ملا، اب اے کو ساڑھے چار لاکھ کے بجائے 6 لاکھ روپے دیے جائیں گے، بی کی فیس 3 لاکھ75 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کر دی گئی، سی کو 75 ہزار اضافے سے اب 3 لاکھ ملیں گے، ڈی ڈیڑھ کے بجائے 2 لاکھ روپے پائیں گے، ای کو ایک لاکھ کی جگہ ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ویمن ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، گولڈ کی 20 پلیئرز ماہانہ55 ہزار جبکہ سلور کی 50 کرکٹرز 40 ہزار روپے وصول کریں گی۔ ویمن سینئراور انڈر 19 کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافہ کیا جائے گا، ون ڈے فیس ایک کے بجائے ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگی، ٹی ٹوئنٹی کا معاوضہ60 ہزار سے ایک لاکھ ہو گا، انڈر19 کرکٹرز ون ڈے میں 60 کے بجائے 80 ہزار جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 30 کی جگہ 40 ہزار وصول کریں گی۔
پی سی بی نے ویمن ڈومیسٹک کرکٹ میں 2 نئے ٹورنامنٹس سپر تھری ون ڈے اور سپرتھری ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا ہے، دونوں پر بالترتیب 70.57 اور59.13 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔












ہفتہ 4 جولائی 2026 