محکمہ اسکولز ایجوکیشن کاگھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن پر غور

Calender Icon پیر 6 جولائی 2026

لاہور میں محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سنٹرز کے جاری سروے میں ایک ہفتے کی توسیع (Survey Extended) کر دی ہے جبکہ پہلی بار گھروں میں قائم ٹیوشن سنٹرز کی رجسٹریشن کے لیے بھی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔

سی او ایجوکیشن لاہور کے مطابق فی الحال شہر بھر میں صرف اسکولوں، اکیڈمیز اور باقاعدہ ٹیوشن سنٹرز کا سروے جاری ہے، جبکہ گھروں کے اندر قائم ٹیوشن سنٹرز کو اس مرحلے میں سروے کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

تاہم ان کی رجسٹریشن کا منصوبہ زیر غور ہے اور اس حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

محکمہ اسکولز ایجوکیشن کی جانب سے اب تک 744 تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن کے لیے نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 167 غیر رجسٹرڈ اسکولوں کو سیل کرنے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

سروے کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے محکمہ نے ایک خصوصی آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا ہے، جہاں متعلقہ افسران اسکولوں کی تصاویر، کلاس رومز اور دیگر ضروری معلومات اپ لوڈ کر رہے ہیں۔

اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ رجسٹریشن اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:امریکی فوج دنیا میں بہترین، وینزویلا میں کارکردگی دکھائی، ٹرمپ

محکمہ کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد آئندہ مرحلے میں گھروں کے اندر چلنے والے ٹیوشن سنٹرز کے لیے بھی رجسٹریشن کا باقاعدہ نظام متعارف کرانے پر غور کیا جائے گا۔