چین:بارشوں کے باعث ڈیم ٹوٹ گیا، قریبی آبادیوں سے شہریوں کا انخلا شروع

Calender Icon منگل 7 جولائی 2026

چین کےعلاقے گوانگشی کے دارالحکومت میں مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث ایک ڈیم (Dam)کی دیوار ٹوٹ گئی، جس کے بعد پانی کا بڑا ریلہ قریبی آبادیوں کی جانب بڑھ گیا۔

حکام نے ممکنہ بڑے سیلاب کے پیش نظر ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کر دیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق طوفان میساک کے اثرات کے باعث گوانگشی کے مختلف دریاؤں، ڈیموں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں ڈیم کی دیوار دباؤ برداشت نہ کر سکی اور ٹوٹ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم ٹوٹنے کے بعد سیلابی پانی تیزی سے نشیبی علاقوں کی طرف بڑھا، جس کے باعث کئی رہائشی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ امدادی اداروں، فوج اور مقامی انتظامیہ کو فوری طور پر ریسکیو اور انخلا کی کارروائیوں میں لگا دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں۔ متعدد سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:سنجو سیمسن ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر، نوجوان کھلاڑی شامل

رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے ہیں، جبکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث حکام نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان میساک کے اثرات ابھی چند روز مزید برقرار رہ سکتے ہیں، جس کے باعث مزید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہے،حکام مسلسل آبی ذخائر کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔

تاحال جانی نقصان یا متاثرین کی حتمی تعداد کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔