آئی سی سی کی نئی ٹی20 رینکنگ، صائم ایوب نے بھارتی کھلاڑی کو پیچھے چھوڑ دیا

Calender Icon بدھ 8 جولائی 2026

آئی سی سی کی نئی ٹی20 رینکنگ، صائم ایوب نے بھارتی کھلاڑی کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 فارمیٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب(Saim Ayub) نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

تازہ رینکنگ کے مطابق صائم ایوب ایک درجہ ترقی کے بعد ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ بھارت کے ہاردک پانڈیا ایک درجے کی تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

زمبابوے کے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے، جو قومی کرکٹ کے لیے ایک اورحوصلہ افزا خبر ہے، بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ایشان کشن بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

دوسری جانب ٹی20 بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان حسبِ سابق پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ پاکستانی کھلاڑیوں کی مستقل مزاج کارکردگی کی عکاس ہے، جہاں بیٹنگ، باؤلنگ اور آل راؤنڈرز تینوں شعبوں میں قومی کرکٹرز نمایاں مقام برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:ومبلڈن لیڈیز سنگلز، یوکرین کی مارتا، جمہوریہ چیک کی نواسکوا سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

صائم ایوب کی دوسری پوزیشن پر ترقی کو ان کی حالیہ شاندار فارم کا ثمر قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ابرار احمد اور صاحبزادہ فرحان کی مسلسل عمدہ کارکردگی بھی پاکستان کرکٹ کے لیے مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔