وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری (Junaid Anwar Chaudhry)نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی مچھلی اور مچھلی سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی برآمدات ریکارڈ 56 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
جمعرات کو جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کے بلیو اکانومی اصلاحات، سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خوراک کی حفاظت اور معیار کو یقینی بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں منجمد مچھلی سرفہرست رہی، جس سے 10 کروڑ 50 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جبکہ منجمد اسکویڈ اور کٹل فش کی برآمدات 10 کروڑ 37 لاکھ 10 ہزار ڈالر، فش میل 8 کروڑ 31 لاکھ 20 ہزار ڈالر، جھینگا 6 کروڑ 21 لاکھ 40 ہزار ڈالر، کیکڑا 3 کروڑ 68 لاکھ 90 ہزار ڈالر، سارڈین 3 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار ڈالر، میکرل 2 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار ڈالر، فلیٹ فش 1 کروڑ 72 لاکھ 40 ہزار ڈالر، آکٹوپس 1 کروڑ 51 لاکھ 80 ہزار ڈالر اور سوریمی (قیمہ نما مچھلی کا گوشت) 1 کروڑ 46 لاکھ 30 ہزار ڈالر رہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات کا بڑا حصہ چین، تھائی لینڈ، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، جاپان، ویتنام، سعودی عرب، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور امریکہ بھیجا گیا۔
مزیدپڑھیں:زیارت کے 21 شہدا کی میتیں لواحقین احتجاجاً سول اسپتال سے دھرنے میں لے گئے
محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث علاقائی تجارت اور بحری لاجسٹکس میں رکاوٹوں کے باوجود یہ ریکارڈ کامیابی حاصل کرنا پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے، برآمدکنندگان اور متعلقہ اداروں کی استعداد اور عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصور علی وسان اور ان کی ٹیم کو بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے، ریگولیٹری نظام کو مضبوط بنانے اور برآمدی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مزید مضبوط، برآمدی منڈیوں کو متنوع، ویلیو ایڈیشن کو فروغ اور پاکستان کی فشریز انڈسٹری کی عالمی مسابقت میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت بحری امور جلد ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گی، جس میں ملک کے ٹاپ 10 فشریز ایکسپورٹرز کو وزیراعظم کی جانب سے تعریفی اسناد پیش کی جائیں گی۔
محمد جنید انوار چوہدری نے اس تاریخی کامیابی پر میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ، پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، فش پروسیسرز، برآمدکنندگان اور شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی۔












جمعرات 9 جولائی 2026 