ڈیپ فیک کیس: عدالت نے پریتی زنٹا کو عبوری ریلیف دیدیا

Calender Icon جمعہ 10 جولائی 2026

بالی ووڈ ڈمپل کوئن، اداکارہ پریتی زنٹا(Preity Zinta) کو ڈیپ فیک کیس میں ممبئی ہائی کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا۔

ممبئی ہائی کورٹ نے اداکارہ پریتی زنٹا کو ان کے خلاف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے گئے ڈیپ فیک مواد، تبدیل شدہ تصاویر، جعلی ویڈیوز اور ان کی شناخت کا غیر مجاز استعمال کرتے ہوئے آن لائن شیئر کیے گئے دیگر مواد کے معاملے میں عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی مواد تیار کرنا کسی بھی فرد کے شخصی حقوق، تشہیری حقوق اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی کا سبب بن سکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ کسی معروف شخصیت کی تصویر، شناخت یا مشابہت کا غیر مجاز استعمال ناصرف اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

مزیدپڑھیں:نارنگ منڈی: موٹرسائیکل کھڑے ڈمپر سے جا ٹکرائی، خاتون جاں بحق، 2 افراد زخمی

ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمے داری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ثالثی پلیٹ فارمز پر لازم ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی رولز کے تحت اپنی قانونی ذمے داریاں پوری کریں۔

عدالت نے کہا کہ ایسے جعلی مواد کے خلاف بر وقت کارروائی ناصرف شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی بھی کرے گی۔

سماعت کے دوران پریتی زنٹا کی قانونی ٹیم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انٹرنیٹ پر موجود سیکڑوں لنکس میں مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی یا تبدیل شدہ تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں جن میں اداکارہ کی جھوٹی اور گمراہ کُن انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ بادی النظر میں مقدمے کے حق میں شواہد موجود ہیں جس کے بعد اداکارہ کو عبوری ریلیف فراہم کر دیا گیا۔