مری، 2 کروڑ کی گیس چوری بے نقاب، ہوٹل کا غیر قانونی نیٹ ورک پکڑا گیا

Calender Icon منگل 14 جولائی 2026

لاہور، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے اسلام آباد ریجن نے ضلعی انتظامیہ مری اور پولیس کے تعاون سے ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کے دوران مری کے لوئر بازار میں قائم ایک مقامی ہوٹل سے گیس چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر کے ختم کر دیا۔

ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق 8 جولائی 2026 کو خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ہوٹل کا گیس میٹر اور ایل پی جی سلنڈرز منقطع کیے گئے، تاہم گیس سے چلنے والے آلات بدستور فعال رہے، جس پر ٹیم نے مزید تفتیش کی۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ہوٹل نے تقریباً 40 میٹر طویل غیر قانونی پی پی آر (PPR) پائپ لائن کے ذریعے مال روڈ مری پر موجود ایس این جی پی ایل کی مرکزی ڈسٹری بیوشن لائن سے براہِ راست کنکشن حاصل کر رکھا تھا۔

ایس این جی پی ایل کی ٹیم نے موقع پر ہی غیر قانونی پائپ لائن، والوز اور دیگر فٹنگز اکھاڑ کر قبضے میں لے لیں، جبکہ گیس میٹر بھی تحویل میں لے کر غیر قانونی سروس لائن کو مرکزی سپلائی لائن سے مکمل طور پر منقطع کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران تمام ویڈیو، تصاویر اور دیگر دستاویزی شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ گیس چوری کے حجم کا درست تعین اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

مزید پڑھیں:گوادر بندرگاہ، 40 سال بعد بحری تجارتی جہازوں کو بنکرنگ کی سہولت کا آغاز

ابتدائی تخمینے کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے تقریباً **2 کروڑ روپے** مالیت کی قدرتی گیس چوری کی، جس کی ریکوری ایس این جی پی ایل کے قواعد و ضوابط کے مطابق متعلقہ صارف سے کی جائے گی۔