ہنڈائی موٹر گروپ (Hyundai Motor Group) نے اعلان کیا ہے کہ وہ سافٹ بینک گروپ (SoftBank Group) کے پاس موجود بوسٹن ڈائنامکس (Boston Dynamics) کے تقریباً 10 فیصد حصص خرید کر روبوٹکس کمپنی کو اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی بنا لے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جدید روبوٹکس ٹیکنالوجی کو اپنی مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مزید مؤثر انداز میں استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔
کمپنی نے معاہدے کی مالی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم جنوبی کوریا کے مقامی میڈیا کے مطابق اس سودے کی مالیت تقریباً 500 ارب وون، یعنی لگ بھگ 335 ملین امریکی ڈالر ہو سکتی ہے۔
ہنڈائی کے مطابق کمپنی 2028 سے امریکا کی ریاست جارجیا میں واقع اپنے آٹوموبائل مینوفیکچرنگ پلانٹ میں بوسٹن ڈائنامکس کے ہیومینائیڈ روبوٹ اٹلس (Atlas) کی تنصیب شروع کرے گی۔
ابتدائی مرحلے میں یہ روبوٹ فیکٹری میں پرزوں کی ترتیب اور ہینڈلنگ کے فرائض انجام دے گا، جبکہ منصوبے کے تحت 2030 تک اس کا کردار مزید وسعت اختیار کرتے ہوئے مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل، بشمول کمپوننٹس کی اسمبلی، تک بڑھایا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:مہنگی بجلی اور بھاری ٹیکس سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، عارف حبیب
کمپنی کا کہنا ہے کہ روبوٹکس ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری عمل کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور محفوظ بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ مستقبل میں خودکار مینوفیکچرنگ کے نظام کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہنڈائی موٹر گروپ نے 2021 میں بوسٹن ڈائنامکس میں 80 فیصد حصص خرید کر کمپنی میں کنٹرولنگ شراکت حاصل کی تھی، جبکہ اب باقی حصص بھی خریدنے کے بعد بوسٹن ڈائنامکس مکمل طور پر ہنڈائی کی ملکیت بن جائے گی۔












جمعرات 16 جولائی 2026 


