آزاد کشمیر کے عام انتخابات 3 مراحل میں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے نیا شیڈول جاری کر دیا

Calender Icon منگل 21 جولائی 2026

آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے عام انتخابات کے لیے نیا انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انتخابات تین مراحل میں منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبات مسترد کر دیے گئے ہیں اور پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق ہوگی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 27 جولائی  کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 2 اگست  کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی مخصوص نشستوں پر ووٹنگ کرائی جائے گی، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔ اس طرح آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہر مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی مرحلے کے غیر سرکاری اور بعد ازاں سرکاری نتائج جاری کیے جائیں گے تاکہ انتخابی عمل کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابی شیڈول میں تبدیلی انتظامی ضروریات، انتخابی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور شفاف، منظم و پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انتخابات سے سیکیورٹی انتظامات، انتخابی عملے کی تعیناتی اور پولنگ کے عمل کی نگرانی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی، جس سے انتخابی عمل کی شفافیت اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔

جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے تمام ریٹرننگ افسران، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ نئے انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی تیاریاں بروقت مکمل کریں تاکہ ووٹرز کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابات مکمل غیر جانبداری، شفافیت اور قانون کے مطابق منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔