پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول ڈیلرز کے مارجن میں اضافے اور دیگر مطالبات پر مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس کے بعد احتجاج کی کال وقتی طور پر واپس لے لی گئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے، جس پر اعتماد کرتے ہوئے کل کی مجوزہ ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ندیم خان نے بتایا کہ حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کے کمیشن اور مارجن سے متعلق معاملات آئندہ دو ہفتوں کے اندر حل کر لیے جائیں گے۔ ان کے مطابق حکومت نے یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نئے نظام کو بھی ابتدائی طور پر دو ہفتوں کے لیے آزمائشی بنیادوں پر نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بھی مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ مسائل دو ہفتوں میں حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، جبکہ اگر مقررہ مدت میں معاملات مکمل طور پر طے نہ ہو سکے تو حکومت دوبارہ ڈیلرز کے ساتھ بیٹھ کر قابل قبول حل نکالے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت ہرگز نہیں چاہتی کہ یہ تاثر پیدا ہو کہ وہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق بڑھتی اور کم ہوتی ہیں، اس لیے جب عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آئے گی تو اس کا فائدہ بھی شفاف طریقے سے عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد ایک شفاف، منصفانہ اور مؤثر نظام قائم کرنا ہے، جس سے نہ صرف صارفین بلکہ پیٹرولیم ڈیلرز اور دیگر متعلقہ فریقین کے مفادات کا بھی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













بدھ 22 جولائی 2026 

