لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر اور عباس ربیرہ نے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، مسلم لیگ (ن) کی تنظیمی فعالیت، حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ارکانِ قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حمزہ شہباز کو وفاقی وزراء اور حکومتی ارکانِ اسمبلی سے رابطوں اور مشاورت کی ذمہ داری سونپنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
چوہدری شہباز بابر اور عباس ربیرہ نے اس موقع پر کہا کہ حمزہ شہباز نے ہمیشہ پارٹی کی مضبوطی اور تنظیم سازی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ نے مشکل سیاسی حالات میں بھی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ نہیں چھوڑا اور عمران خان کے دورِ حکومت میں مختلف مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے طویل عرصہ جیل میں بھی رہے، تاہم پارٹی کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہی۔
مزید پڑھیں:کشمیر محض زمین کا ٹکڑا نہیں، حقِ خودارادیت کا مقدمہ ہے، حمزہ شہباز
دونوں ارکان نے اس امید کا اظہار کیا کہ حمزہ شہباز کو سونپی گئی نئی ذمہ داری وہ مؤثر انداز میں نبھائیں گے اور ارکانِ اسمبلی کی تجاویز، مسائل اور سفارشات براہِ راست وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچائیں گے تاکہ عوامی مسائل کے حل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
ملاقات میں دونوں ارکان نے اپنے اپنے حلقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں، جن پر حمزہ شہباز نے تفصیلی گفتگو کی۔
حمزہ شہباز نے اس موقع پر چوہدری شہباز بابر اور عباس ربیرہ کی پارٹی کے لیے خدمات اور اپنے حلقوں میں عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، تنظیمی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت ارکانِ اسمبلی سے مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔













ہفتہ 25 جولائی 2026 

