اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے 26 اور 27 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے دوران عوام سے گزشتہ مقررہ نرخ ہی وصول کیے جائیں گے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 اور 27 جولائی کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، کیونکہ ویک اینڈ کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں Platts کی قیمتیں جاری نہیں ہوتیں، جس کے باعث نئی قیمتوں کا تعین ممکن نہیں ہوتا۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، جبکہ موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہی نافذ العمل رہے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے 24 جولائی کو جاری کی گئی پریس ریلیز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 26 اور 27 جولائی کے دوران 25 جولائی کو نافذ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی اور ان دو روز کے لیے کسی نئی قیمت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکام کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں کے تعین میں استعمال ہونے والی Platts کی قیمتیں تعطیلات کے دوران جاری نہیں ہوتیں، اسی وجہ سے ویک اینڈ پر قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا جاتا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ نئی قیمتوں کا اعلان معمول کے طریقہ کار کے مطابق متعلقہ ڈیٹا دستیاب ہونے کے بعد کیا جائے گا، جبکہ اس دوران ملک بھر میں تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور پیٹرول پمپس موجودہ نرخوں پر ہی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کریں گے۔













ہفتہ 25 جولائی 2026 

