وزارت خارجہ کا بڑا اقدام، قونصلر سروسز کے اوقات کار میں توسیع کا اعلان

Calender Icon پیر 27 جولائی 2026

اسلام آباد: عوام کو بہتر اور آسان سہولیات کی فراہمی کے عزم کے تحت وزارت خارجہ نے قونصلر سروسز کے اوقات کار میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ اب شہری شام کی شفٹ کے دوران بھی قونصلر خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ شہری اب پیر سے جمعہ تک صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک قونصلر سروسز حاصل کر سکیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قونصلر خدمات کے اوقات کار میں توسیع کا مقصد شہریوں کے لیے سہولیات کو مزید قابلِ رسائی، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو اپنی درخواستیں جمع کرانے اور دیگر قونصلر معاملات نمٹانے میں زیادہ آسانی ہوگی۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

وزارت خارجہ کے مطابق قونصلر سروسز کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو وقت کی پابندیوں کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قونصلر خدمات کے نئے اوقات کار کے حوالے سے جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور ضروری معلومات حاصل کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے شروع کی گئی شام کی شفٹ سے قونصلر سروسز کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو زیادہ بہتر انداز میں خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔