اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات سیکشن 20 اور 26 اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نورین نیازی نے پاکستان اور مسلح افواج سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی کی جانب سے ایسا مواد پھیلایا گیا جس سے ریاست پر عوام کے اعتماد کو متاثر کرنے اور بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ بیان کو جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز قرار دیا گیا، جبکہ ریاستی اور سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی: اڈیالہ روڈ پر ہنگامہ آرائی، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کیخلاف مقدمہ درج
یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انٹیلی جنس اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے ریاست اور مسلح افواج سے متعلق متنازع بیان دینے کے معاملے پر نورین نیازی کو طلب کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا تھا کہ نورین نیازی کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا۔
حکام کے مطابق مقدمے میں شامل دفعات کے تحت مزید قانونی کارروائی جاری رہے گی، جبکہ معاملے پر فریقین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔













منگل 28 جولائی 2026 

