اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے ردعمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو کھلے دل سے شکست تسلیم کرنی چاہیے تھی، کیونکہ انتخابات کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں۔
ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیا تو اسے قبول کیا گیا، لیکن آزاد کشمیر میں شکست کے بعد انتخابات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں کامیابی کے بعد الیکشن درست تھے تو آزاد کشمیر میں عوام کے فیصلے کے بعد اعتراضات کیوں کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہی آزاد کشمیر کے حالات خراب ہوئے۔
مزید پڑھیں:مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے: مریم نواز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 17 سال سے حکومت کے باوجود بلاول بھٹو زرداری عوام کے سامنے کوئی واضح کارکردگی یا روڈ میپ پیش نہیں کر سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام صحت، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات چاہتے ہیں، جبکہ پیپلزپارٹی کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کوئی بڑا منصوبہ موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو یہ بتانا چاہیے تھا کہ وہ آزاد کشمیر کو سندھ یا کراچی جیسا کیسے بنائیں گے، لیکن کارکردگی کے بجائے دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنا جمہوریت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے سندھ میں صفائی، امن و امان اور سڑکوں کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو خود احتسابی کرنی چاہیے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے انتخابی جلسوں میں عوام کی شرکت کم رہی، جبکہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر اپنا فیصلہ سنایا۔













منگل 28 جولائی 2026 

