آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی 9 نشستوں کے ساتھ واضح برتری

Calender Icon بدھ 29 جولائی 2026

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے حتمی نتائج جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق مسلم لیگ ن نے واضح کامیابی حاصل کرتے ہوئے 9 نشستیں جیت لی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب رہی۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے ون میرپور ون سے مسلم لیگ ن کے اظہر صادق کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے ٹو میرپور ٹو سے پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے کامیابی حاصل کی۔

حلقہ ایل اے تھری میرپور تھری سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان اور ایل اے فور میرپور فور سے مسلم لیگ ن کے چوہدری رخسار احمد کامیاب ہوئے۔

بھمبر کے حلقوں میں ایل اے فائیو بھمبر ون سے مسلم لیگ ن کے وقار احمد نور، ایل اے سکس بھمبر ٹو سے مسلم لیگ ن کے محمد رزاق چوہدری جبکہ ایل اے سیون بھمبر تھری سے مسلم لیگ ن کے طارق فاروق کامیاب قرار پائے۔

مزید پڑھیں:زاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل،پولنگ پرامن رہی ، عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، غلام مصطفیٰ مغل

کوٹلی کے حلقوں میں ایل اے ایٹ کوٹلی ون سے پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے نائن کوٹلی ٹو سے مسلم لیگ ن کے عمیر نعیم نے میدان مار لیا۔

اسی طرح ایل اے ٹین کوٹلی تھری سے پیپلز پارٹی کے محمد یاسین چوہدری کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے الیون کوٹلی فور سے مسلم لیگ ن کے محمد آصف، ایل اے ٹویلو کوٹلی فائیو سے مسلم لیگ ن کے محمد ریاست خان اور ایل اے تھرٹین کوٹلی سکس سے مسلم لیگ ن کے ایاز احمد کامیاب ہوئے۔

حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے میرپور ڈویژن میں 9 نشستیں حاصل کرکے سیاسی برتری قائم کرلی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ نتائج کے بعد آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی حکمت عملی میں میرپور ڈویژن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔