باغبانپورہ کے علاقے کوٹلی پیر عبدالرحمان، بھٹہ محمد دین کالونی میں بوسیدہ تین منزلہ مکان گرنے سے ہولناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔حادثے کے وقت عمارت میں رہائش پذیر تین خاندانوں کے افراد اندر موجود تھے جن میں بزرگ، خواتین، مرد، بچے، بچیاں اور نوجوان شامل تھے۔
ریسکیو حکام نے اب تک ملبے سے 13 افراد کو نکال لیا ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین، دو مرد اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ تین زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق خدشہ ہے کہ ملبے کے نیچے مزید 6 سے 7 افراد دبے ہو سکتے ہیں۔ ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ آخری متاثرہ شخص کو تلاش کرنے تک ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
حادثے کے بعد کمشنر لاہور نے رات گئے جائے وقوعہ اور سروسز اسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک وحید بھی موجود تھے، جنہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں:چین کے 1.4 ارب ڈالر واپس؛ 3 سال میں 28 ارب ڈالر خریدے گئے، گورنر اسٹیٹ بینک
انتظامیہ کے مطابق عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو اہلکار بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ متاثرین کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔













جمعرات 30 جولائی 2026 

