لاہور کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکارہونے والی غیر ملکی لڑکی نے عدالت میں بیان قلمبند کروا دیا۔
ڈیفنس لاہور میں آذر بائیجان سے آئی ہوئی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ دو دن قبل پیش آیا تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج ہے۔
پولیس حکام کے مطابق آذربائیجان کی رہائشی 20 سالہ لڑکی چند روز قبل لاہور آئی تھی جسے دو نامعلوم لڑکیاں ورغلا کر کیفے لے گئیں جہاں ان کے تین دوست پہلے سے موجود تھے۔ ملزمان لڑکی کو کیفے سے ایک فلیٹ پر لے گئے اور نشہ آور چیز پلائی، بعد ازاں تین افراد نے مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
لڑکی کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد صغیر کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ، جہاں لڑکی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو 164 کا بیان قلمبند کرا دیا ، خاتون کا 1 گھنٹے سے زائد وقت تک بیان ریکارڈ کیا گیا۔ بیان ریکارڈ ہونے کے دوران تمام غیر متعلقہ افراد کو عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات
عدالتی کارروائی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ بیان قلمبند ہونے کے بعد لڑکی کو خفیہ راستے سے احاطہ عدالت سے باہر لے جایا گیا۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان لڑکی کو جنسی زیادتی کے بعد ایئرپورٹ کے پاس چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہورذیشان رضا نے کہا کہ سنگین نوعیت کے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، تفتیش کے تمام مراحل میرٹ اور قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔
ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری
ڈی آئی جی نے کہا کہ ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔واقعے کی تفتیش میں ہونے والی پیشرفت کی مسلسل خود نگرانی کر رہا ہوں۔
مزید پڑھیں:ون ڈے کرکٹ ، ایک دن میں سب سے زیادہ سنچریوں کا نیا ریکارڈ قائم
خیال رہے 19 جولائی 2026 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بھی غیر ملکی خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی کو کوشش کی گئی گئی تھی، پولیس نے متاثرہ خاتون ملینڈا مائی کے والد رابرٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد آدی محمود نامی ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔













پیر 28 ستمبر 2026 

