کاکروچ اگر اکٹھے ہوگئے تو سب کچھ الٹ سکتے ہیں ، محسن نقوی

Calender Icon جمعرات 30 جولائی 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جس سسٹم میں ہم رہ رہے ہیں آپ مانیں یا نہ مانیں یہ گر چکا ہے۔
پہلی پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ سیاسی تقریر نہ کروں، آج تھوڑی سی سیاسی تقریر کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور کے پی والے اپنے مسائل بتارہے تھے۔ پاکستان کی اس حالت میں جہاں آج ہم ہیں اس کے ذمہ دار سب یہاں بیٹھے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مجھے سیاست کے ایوانوں میں آئے ساڑھے تین سال ہوگئے۔ میں یہی بتاسکتا ہوں کہ آپ 10 سال بعد بھی یہاں بیٹھے یہی مسائل بتارہے ہوں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جس سسٹم میں ہم رہ رہے ہیں یہ سسٹم منہدم ہوچکا ہے۔ جس دن آپ نے فیصلہ کرلیا نظام کو ٹھیک کرنا ہے، یہ نظام ٹھیک ہوجائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ میں جمہوریت کا سب سے بڑا سپورٹر ہوں لیکن جمہوریت میں بھی کئی قسم کے نظام ہیں۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی کو بنیادی سہولت چاہیے جو ہم نہیں دے پاتے ہیں۔ آپ کو ایڈمنسٹریٹو یونٹس کی سطح پر جانا ہوگا۔ اسے صوبے کہہ دیں یا جو بھی بھی نام دے دیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوانوں کو دو چار ہزار روپے یا ٹیبلٹس دے کر ٹھیک کرلیں گے۔ جب تک ملک کی بنیادی چیزوں کو ٹھیک نہیں کریں گے ۔مسائل رہیں گے۔ سوال یہ ہے کہ ان چیزوں کو کون ٹھیک کرے گا۔

کاکروچ اگر اکٹھے ہوگئے تو سب کچھ الٹ سکتے ہیں ،  وفاقی حکومت کا یہ حال ہے کہ ہم بجٹ منفی میں بناتے ہیں ۔ لیپ ٹاپ سے نوجوانوں کو خوش نہیں کیا جاسکتا۔