الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی، فہرست میں جماعتوں کی تعداد 164 رہ گئی

Calender Icon جمعرات 30 جولائی 2026

اسلام آباد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 4 مزید سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے انہیں سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق مختلف قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر ان سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ڈی لسٹ کی جانے والی جماعتوں میںٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان، ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات، سالانہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے اور دیگر لازمی تقاضے مکمل نہ کرنے کی بنیاد پر ڈی لسٹ کیا گیا۔

چار سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست بھی جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہوکر 164 رہ گئی ہے۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن، انتخابی فہرستوں سے 14 لاکھ 84 ہزار سے زائد ووٹرز کو خارج کردیا

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی فہرست میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) بھی شامل ہیں، تاہم ان جماعتوں کے حوالے سے تنظیمی معاملات زیر بحث رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن مختلف سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کرچکا ہے، جن میں پاک سرزمین پارٹی اور استحکام پاکستان تحریک سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو بھی فہرست سے خارج کیا جا چکا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن آئینی اور قانونی تقاضوں کی تکمیل سے مشروط ہے، اور جو جماعتیں مقررہ قواعد پر عمل نہیں کرتیں ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔