اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کردی۔
وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت اوگرا نے یکم اگست 2026 کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی ایکس ڈپو قیمتیں مقرر کردی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست 2026سے ہوگا اور یہ قیمتیں 3 اگست 2026 تک نافذ رہیں گی۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ، صنعت اور عام صارفین کے اخراجات پر پڑتا ہے۔













جمعہ 31 جولائی 2026 

