بھارت نے سلال ڈیم سے پانی چھوڑ دیا، صورتحال تشویشناک، پاکستان میں فلڈ الرٹ

Calender Icon ہفتہ 1 اگست 2026

اسلام آباد، بھارت کی جانب سے مسلسل گیارہویں مرتبہ سلال ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان میں دریاؤں کی صورتحال تشویشناک ہو گئی، جبکہ متعلقہ اداروں نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سے تقریباً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث سیہون کے متعدد نشیبی دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ آبی وسائل سے متعلق حکام کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔اسی طرح دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دریائے جہلم، چناب، ستلج، راوی اور کابل کے بیشتر اہم مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم چاچڑان شریف اور بے نظیر پل کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی نوٹ کی گئی ہے، جہاں اخراج دو لاکھ 18 ہزار 978 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بڑھ کر ایک ہزار 539 فٹ تک پہنچ گئی ہے اور ڈیم اپنی گنجائش کا 89 فیصد بھر چکا ہے۔

مزید پڑھیں:پہلے سسٹم سے فائدہ اٹھایا، اب اسی کو ناکام کہہ رہے ہیں، رانا ثناءکی محسن نقوی پر تنقید

جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 196 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے اور ڈیم 57 فیصد تک بھر چکا ہے۔ متعلقہ اداروں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں، بیراجوں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہر ممکن تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔