احسن اقبال کا ہتک عزت دعویٰ منظور، مراد سعید کو 25 لاکھ ہرجانہ ادا ئیگی کا حکم

Calender Icon ہفتہ 1 اگست 2026

مراد سعید نے 2019 میں احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹر وے پروجیکٹ میں کرپشن کے الزامات لگائےتھے۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے احسن اقبال کے حق میں فیصلہ سنا دیا اور حکم دیا کہ مراد سعید، احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کریں۔

فیصلے کے مطابق احسن اقبال کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مرادسعید کو 25لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیاتھا، 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ شواہد کی روشنی میں حد سے زیادہ ہے، مراد سعید کے متنازع بیان سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا ہے، الزامات سے عام شہریوں میں احسن اقبال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 خوارج ہلاک، 1میجر شہید

فیصلے کے مطابق الزامات احسن اقبال کی دیانت، کردار اور ساکھ پر براہِ راست حملہ تھے، مراد سعید نہ تو خود عدالت پیش ہوئے نہ کوئی ثبوت پیش کیا۔خیال رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹر وے پروجیکٹ میں کرپشن کے الزامات لگائےتھے۔