متحدہ عرب امارات (UAE) نے کئی ماہ کی غیر یقینی صورتحال کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کے اجرا میں نرمی کر دی ہے۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے، خصوصاً خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانیوں کو اب ویزے نسبتاً آسانی سے جاری کیے جا رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے بڑے ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستانی درخواست گزاروں کو ویزوں کے اجرا میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کا سامنا تھا، تاہم پاکستان اور یو اے ای مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی باضابطہ ویزا پابندی عائد نہیں کی گئی۔
🇦🇪🇵🇰—The UAE has resumed issuing visit visas for Pakistani citizens applying through registered travel agents, according to travel industry representatives and a UAE embassy official.
The development was reported on Saturday, with visa applications continuing under existing UAE… https://t.co/AQwolkuRga pic.twitter.com/KJ1kZLVPdR
— Pakistan OSINT (@Pak_Osint) August 1, 2026
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ معمول پر آنا شروع ہوگیا ہے۔ ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ خاص طور پر خاندان کے ہمراہ سفر کرنے والوں یا متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے عزیزوں سے ملنے جانے والوں کی درخواستیں اب پہلے کی نسبت تیزی سے منظور ہو رہی ہیں۔
مزیدپڑھیں:لاہور، سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا کی گاڑی پر نامعلوم افراد کا حملہ
اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے کہا کہ پاکستانی خاندانوں کو وزٹ ویزوں کے اجرا کا آغاز خوش آئند پیشرفت ہے۔ ان کے مطابق سیاحت کے فروغ کی سرگرمیاں بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہیں اور حالیہ مہینوں میں کم ہونے والا مسافروں کا رش بتدریج بحال ہو رہا ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق موسم گرما کے آغاز میں پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی یومیہ تعداد تقریباً 170 تھی، جو جولائی کے آخری ہفتے تک بڑھ کر تقریباً 400 ہو گئی۔ تاہم یہ تعداد اب بھی 2 سال قبل ریکارڈ کیے گئے یومیہ تقریباً ایک ہزار مسافروں سے کم ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف رنچ نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانیوں کی ویزا درخواستیں زیادہ تعداد میں منظور ہو رہی ہیں۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بعض اوقات کارروائی میں تاخیر ہوئی، تاہم مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار اب بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے درخواست دے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ویزوں کے اجرا میں سہولت کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا تھا، جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ جعلی تعلیمی اسناد، فرضی ملازمت کے معاہدوں، بعض افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث اماراتی حکام نے جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کر دیا تھا۔













اتوار 2 اگست 2026 

