شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ؛ مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی، نئی تاریخ آج جاری ہوگی

Calender Icon اتوار 2 اگست 2026

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات(elections) کے موقع پر ضلع مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا، جبکہ نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر 2 بجے کیا جائے گا۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آج 2 اگست 2026 کو مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی قانون ساز اسمبلی کی 12 نشستوں اور مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر پولنگ ہونا مقرر تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 کے بالائی اور دشوار گزار علاقوں میں گزشتہ شب سے جاری شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس کے نتیجے میں پولنگ عملے اور انتخابی سامان کی بروقت ترسیل ممکن نہ ہو سکی۔

مزیدپڑھیں:انتظار ختم، اقرا عزیز نے پہلی بار بیٹی صوفیہ کی تصاویر شیئر کر دیں

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے رات گئے تک سڑکیں بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، تاہم تمام راستے مکمل طور پر بحال نہ ہو سکے۔ ان غیر معمولی حالات کے پیش نظر حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں آج ہونے والی پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر 2 بجے کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اس فیصلے سے ووٹرز، امیدواروں اور دیگر متعلقہ افراد کو ہونے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں آج مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 اور مظفرآباد ڈویژن کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، تاہم شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں انتخابی عمل عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔