ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد لوئر چترال (Chitral)کے جغور گول نالہ میں سیلاب کے باعث گاؤں میں پانی داخل ہوگیا جس سے 26 مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب میں ایک رابطہ پل بھی بہہ گیا اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ سیلاب سے قابل کاشت زرعی اراضی اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو و فلاحی اداروں کی امداد ٹیمیں پہنچ گئیں جہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ حاشم عظیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ساجد علی یوسفزئی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب، خیبر پختون خوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، ایبٹ آباد، کرم، خیبر، باجوڑ، ڈیرہ اور بنوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوراں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ڈرہ اسماعیل خان 39، چترال اور پشاور میں 37، مالم جبہ میں 23 اور دیر میں 32 ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ روز دیر میں 61 ملی میٹر بارش، مالم جبہ میں 25، چراٹ اور کاکال میں 22، بالاکوٹ اور پشاور میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔













پیر 3 اگست 2026 

