عالمی منڈی میں جمعرات کو سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں مسلسل چوتھے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں قیمتی دھات تقریباً سات ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ خام تیل کی قیمتوں میں کمی، امریکی ڈالر کی کمزوری اور امریکی ٹریژری بانڈز کی ییلڈ میں نرمی نے سونے کی قیمتوں کو سہارا فراہم کیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی توجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی پیش رفت اور امریکی معاشی اعداد و شمار پر مرکوز رہی۔
کاروباری سیشن کے دوران اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 4,285.84 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو 18 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4,345.80 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتے رہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں ممکنہ کمی اور سفارتی پیش رفت کی امید نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر خام تیل کی قیمتیں دباؤ میں رہتی ہیں تو مرکزی بینکوں پر شرح سود بڑھانے کا دباؤ بھی کم ہو سکتا ہے، جو سونے کے لیے مثبت صورتحال تصور کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر سونے کی قیمت اپنی 200 روزہ اوسط سے اوپر برقرار رہتی ہے تو مستقبل میں یہ 5,000 ڈالر فی اونس کی سطح کی جانب بھی بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تہران کو آبنائے ہرمز کے ذریعے خلیج میں داخل ہونے والے جہازوں کی نگرانی کا کردار دیا جا سکتا ہے۔ سرمایہ کار اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی کم ہونے اور عالمی توانائی کی ترسیل میں بہتری کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار
ادھر سرمایہ کاروں کی نظریں جمعہ کو جاری ہونے والی امریکا کی جولائی کی نان فارم پے رولز (Non-Farm Payrolls) رپورٹ پر بھی مرکوز ہیں، کیونکہ یہ رپورٹ امریکی معیشت اور شرح سود سے متعلق آئندہ فیصلوں کے حوالے سے اہم سمجھی جاتی ہے۔ اس سے قبل اے ڈی پی (ADP) کی رپورٹ میں جولائی کے دوران نجی شعبے میں ملازمتوں کی رفتار سست رہنے کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کمزور پڑ گئی ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.1 فیصد اضافے کے بعد 62.16 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1.7 فیصد بڑھ کر 1,764.10 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,377.83 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتا رہا۔













جمعرات 6 اگست 2026 

