بھارتی شہر چندی گڑھ کی ضلعی عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان،(Salman Khan) ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری اور اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کو مبینہ دھوکا دہی کے مقدمے میں طلب کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے تمام افراد کو 5 اکتوبر کو پیش ہو کر الزامات پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ چندی گڑھ کے تاجر ارون گپتا کی درخواست پر درج کیا گیا ہے جن کا مؤقف ہے کہ انہیں ’بینگ ہیومن‘ جیولری شوروم کھولنے کے لیے جھوٹے وعدوں پر آمادہ کیا گیا جس سے انہیں کئی کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
درخواست کے مطابق ارون گپتا نے شوروم قائم کرنے پر تقریباً 3 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی جن میں سے 1 کروڑ روپے صرف شوروم کی تعمیر و تیاری پر خرچ ہوئے۔
مزیدپڑھیں:آئین کے مطابق نئے صوبے، پی پی ن لیگ متفق
شکایت میں کہا گیا ہے کہ شوروم کھلنے کے بعد کمپنی نے وعدے کے مطابق کاروباری معاونت فراہم نہیں کی جبکہ فروری 2020ء سے جیولری سپلائی کرنے والا اسٹور بند ہونے کے باعث کاروبار شدید متاثر ہوا۔
درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی سے وابستہ 6 افراد نے غلط معلومات دے کر سرمایہ کاری کروائی۔
دوسری جانب کمپنی پہلے ہی ان الزامات کی تردید کر چکی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ 2018ء کے معاہدے میں سلمان خان کا براہِ راست کوئی کردار نہیں تھا جبکہ سلمان خان فاؤنڈیشن نے 2015ء میں صرف ’بینگ ہیومن‘ برانڈ کا لائسنس دیا تھا، جیولری کے کاروبار کی تمام ذمہ داری کمپنی پر تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیس کی سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی۔













جمعرات 6 اگست 2026 

