بھارت:مشتعل شہریوں کا ممتا بینرجی کی گاڑی پر اینٹوں سے حملہ، بال بال بچ گئیں

Calender Icon اتوار 9 اگست 2026

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی کی گاڑی پر ہالی سہار کے علاقے میں مشتعل شہریوں نے اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کردیا، حملے میں ممتا بینر جی نے بال بال بچنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممتا بینرجی نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اینٹیں اور پتھر پھینکے، جو انہیں لگتے تو ان کی جان بھی جاسکتی تھی۔بی جے پی کے ریاستی رکن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں کسی بھی قسم کے کردار سے انکار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ممتا بینرجی ہالی سہار کے علاقے میں اپنی جماعت کے ایک کارکن کے گھر جارہی تھیں، جو مبینہ طور پر پولیس حراست میں ہلاک ہوا تھا۔اس دوران مظاہرین نے ترنمول کانگریس کی سربراہ کی گاڑی کو گھیر لیا، اس پر کیچڑ مل دی اور مبینہ طور پر جوتے اور پانی کی بوتلیں بھی پھینکیں۔

مظاہرین کی جانب سے ’چور بھگاؤ‘ کے نعرے لگائے گئے جبکہ پولیس اہلکار مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ اگر اینٹیں اور پتھر انہیں لگتے تو ان کی جان جاسکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ باہر سے آئے سماج دشمن عناصر نے پولیس کے سامنے میری گاڑی پر پتھر پھینکے۔ اگر گاڑی کی کھڑکیاں بند نہ ہوتیں تو میرا سر پھٹ سکتا تھا۔ میری جان جاسکتی تھی۔

ممتا بینرجی نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس سے پہلے کبھی ایسا حملہ نہیں دیکھا، سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ہماری حفاظت کے لیے کچھ نہیں کیا، وہ صرف بی جے پی کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ممتا بینرجی کے ہمراہ لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ کلیان بینرجی اور راجیہ سبھا کی رکن ڈولا سین بھی موجود تھیں۔ دونوں نے بھی انتظامیہ کے خلاف شدید غصے کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج؛ دونوں بازوؤں سے محروم شخص تشدد و پتھرائو کے الزام میں گرفتار

سابق وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی آج صبح شمالی 24 پرگنہ ضلع میں برجُو کیوٹ کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے گئی تھیں۔ جو سابق ترنمول کونسلر جینی شرما کے شوہر تھے اور مبینہ طور پر پولیس حراست میں ہلاک ہوئے۔