اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں بھی ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹس کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
ایوان صدر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
صدر مملکت نے ہائیکورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ایوان صدر کے مطابق ہارون اختر کی بطور وزیراعظم مشیر برائے صنعت و پیداوار تقرری کی منظوری وزیراعظم کی سفارش پر دی گئی۔
صدر مملکت کی جانب سے مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی مستقل حیثیت کی توثیق کے بعد عدالتی نظام میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔













منگل 11 اگست 2026 

