وزیراعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات،ناروے کمپنیوں کو سرمایہ کاری دعوت

Calender Icon جمعرات 13 اگست 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔ ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر ناروے کے مضبوط اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کی جانب سے شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔