ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی

Calender Icon جمعرات 13 اگست 2026

اسلام آباد: ملک بھر میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ کو ہوگی۔

ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں سے چاند کی رویت کے حوالے سے موصول ہونے والی شہادتوں اور اطلاعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے کسی بھی علاقے سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی۔ تمام معلومات اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات، وزارت مذہبی امور، سپارکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں سمیت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سپارکو اور محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

سپارکو کے مطابق 13 اگست کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی ممکنہ عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہوگی، جبکہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان تقریباً 32 منٹ کا وقفہ متوقع تھا۔

سپارکو نے بتایا تھا کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند انسانی آنکھ اور دوربین سے نظر آنے کے امکانات نہیں تھے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حتمی اعلان کے بعد ربیع الاول کے آغاز کی تاریخ واضح ہوگئی ہے اور ملک بھر میں یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی، جبکہ 12 ربیع الاول 26 اگست کو منائی جائے گی۔