کراچی: عدالت نے منشیات کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو تین مقدمات میں بری کردیا۔
انمول عرف پنکی کے خلاف مقدمات کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جنوبی کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان مقدمات میں دو شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔
وکیل کے مطابق شریک ملزمان علی اور فہمیدہ کو 2024 میں عدالت نے بری کیا تھا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں شامل کیا گیا تھا، تاہم جب شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں تو ملزمہ کے خلاف بھی سزا کا کوئی امکان نہیں بنتا۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شریک ملزمان کی بریت اور مقدمات میں موجود صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انمول عرف پنکی کو بھی بری کیا جائے۔
سماعت کے بعد عدالت نے انمول عرف پنکی کو گذری تھانے میں 2020، 2021 اور 2022 میں درج تین منشیات کے مقدمات میں بری کردیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد ملزمہ کے خلاف مذکورہ تین مقدمات کا قانونی طور پر خاتمہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے رواں سال مئی کے دوران ایک خاتون کو مبینہ طور پر منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی کارروائی مختلف اوقات میں عدالت میں زیر سماعت رہی۔
تازہ عدالتی فیصلے میں عدالت نے مقدمات کے ریکارڈ اور وکیل کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ملزمہ کو تینوں مقدمات میں بری کردیا۔













جمعرات 13 اگست 2026 

