آزادی عظیم نعمت،ملک کی خدمت ہم سب کا فرض ہے، خورشید شاہ

Calender Icon جمعرات 13 اگست 2026

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور آج کا دن اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ 14 اگست وہ تاریخی دن ہے جب صدیوں کی غلامی کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کی صورت میں اپنے خواب کی تعبیر ملی۔ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں اور ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ملک کی خدمت ہم سب کا فرض ہے اور پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں ’’جیو اور جینے دو‘‘ کے اصول پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، رواداری، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے جمہوری اصولوں اور آئین کی پاسداری ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں جمہوریت، امن اور انصاف کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو قائداعظم کے افکار اور اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا اور ان کے خواب کی تعبیر کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی۔

سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا اور آئین کی بالادستی یقینی بنانا ضروری ہے۔ اگر ہم آئین اور جمہوریت کے راستے پر ثابت قدمی سے چلتے رہے تو اپنی منزل ضرور حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپیل کی کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔