راولپنڈی، طوفانی بارش، پانی گھروں میں داخل، ایمرجنسی نافذ،21 اگست تک سپیل جاری

Calender Icon منگل 18 اگست 2026

راولپنڈی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعلقہ اداروں کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

واضح رہے راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ،مختلف مقامات پر نالہ لئی کی سطح بلند ہے ، شہریوں کو نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا راولپنڈی کو تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی، واسا راولپنڈی کو متصل اضلاع کی مشینری و اضافی عملہ فراہم کیا جارہا ہے۔

راولپنڈی میں طوفانی بارش سے پیرودھائی کا علاقہ زیرآب آگیا،بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا،سڑکوں ،گلیوں اورشاہراہوں پر بھی پانی جمع ہے۔نکاسی آب آپریشن جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 116 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ، بوکرا میں 69، چکلالہ اور ایچ8 میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے ۔

یاد رہے گزشتہ روزہی ڈی جی محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا تھا کہ مون سون کا موجودہ اسپیل کچھ دن برقراررہےگا،مون سون اسپیل ختم ہونے کے بعد وقفہ آئےگا،پھربارشیں شروع ہوں گی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب کے دریاؤں اور ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ تین لاکھ تینتیس ہزار، چشمہ میں تین لاکھ اٹھارہ ہزار اور تونسہ میں تین لاکھ اڑتیس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:سپریم کورٹ: یقین دہانیوں پر ریلیف، عمران خان کی شفا منتقلی کا حکم جاری

نارووال نالہ بسنتر، نالہ اک اور نالہ پلکھو میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا ڈیم سو فیصد اور منگلا ڈیم ستر فیصد تک بھر چکا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا چھٹا سپیل اکیس اگست تک جاری رہے گا۔