بانی پی ٹی آئی عمران خان شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اڈیالا جیل منتقل

Calender Icon جمعہ 21 اگست 2026

بانی پاکستان تحریک انصاف (PTI) عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالا جیل لایا گیا، جہاں انہیں دوبارہ ان کے سیل میں منتقل کردیا گیا۔

اس سے قبل عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالا جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ اسلام آباد پولیس نے اسپتال آنے اور جانے والے بعض راستے ٹریفک کے لیے بند کر رکھے تھے۔

مزیدپڑھیں:عمران خان کو کچھ دیر میں اسپتال منتقل کرنے کا امکان، کارکنان کو جمع نہ ہونے کی ہدایت

اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے لیے 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جبکہ انہیں اسپتال میں داخل کرنے کی صورت میں بھی خصوصی انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو 2 روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظرثانی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔