اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی تو سہولت دیں گے، ایاز صادق

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

پارلیمنٹ کی احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے دے کر تھک گئے، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا سیاسی اور جمہوری حق ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی تو سہولت دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ نہیں کہیں گے کہ آپ تحریک عدم اعتماد نہیں لا سکتے، تحریک عدم اعتماد آئے گی تو دیکھیں گے۔

اسپیکر نے کہا کہ ہمارے سیشنز کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آ رہی ہے، اسپیکر کی ذمہ داری نہیں کہ کورم مکمل کرے، یہ حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ کورم مکمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں تمام لوگ موجود تھے، کل مزید بہتری آئے گی۔ اس فورم کے نمائندے اپنے علاقے کے مسائل پر بات کرتے ہیں، اس فورم کو خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے اتحاد کیا ہے، پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے میں نے ابھی تک قبول نہیں کیے، میری یہی خواہش ہے میں پی ٹی آئی کے استعفے قبول نہ کروں۔

واضح رہے گزشتہ روز مشترکہ اپوزیشن کے پہلا پارلیمانی اجلاس ہوا تھا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور پارلیمانی نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں پارلیمان کے اندرمشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے، ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، امن و امان اورعدالتی معاملات سمیت مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ آج گھٹن کے ماحول میں اسمبلی کے حزب اختلاف کے ارکان ایک نقطے پر متفق ہوگئے ہیں، یہ خوشی اور مبارکباد کا دن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد پاکستان کی کھوئی ہوئی عظمت واپس دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں:بھارت: الٰہ آباد ہائیکورٹ، طالبہ کی حجاب پہننے کی درخواست مسترد کردی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مشترکہ اپوزیشن کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا تھا، حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے والی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی۔