پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ ریلوے لائن منصوبہ، بڑا معاہدہ طے

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

پشاور میں وزارتِ ریلویز اور حکومتِ خیبرپختونخوا کے درمیان تعاون کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔معاہدے پر دستخط وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی موجودگی میں کیے گئے۔

معاہدے کے تحت صوبے میں ریلوے کے نظام کو وسعت دینے اور مختلف اہم شہروں کو جدید ریل رابطوں کے ذریعے منسلک کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ گریٹر پشاور سرکلر ریلوے کے تحت پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کو ریلوے کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، پشاور ویلی ریلوے کے آئندہ مراحل میں نوشہرہ، مردان اور درگئی کا رابطہ بھی شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مردان، چارسدہ اور پشاور کے درمیان ریلوے رابطے کے ساتھ طورخم تک ریلوے روابط بھی آئندہ مراحل میں شامل کیے جائیں گے، جدید ریلوے نظام سے لاکھوں مسافروں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کو سفری سہولت میسر آئے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بہتر ریلوے روابط سے صوبے میں تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا، حکومت کا مقصد قومی اداروں کو مضبوط بنانا ہے، ٹرین سستا، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کیلئے انتخابی شیڈول جاری: پولنگ 27 اگست کو ہوگی

سہیل خان آفریدی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ریلوے کے نظام کی بہتری کے لیے وفاق کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔