استحکام پاکستان پارٹی نے ایک بار پھر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کر دیاہے، صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کوآگے لے جانے کے لئے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان،ذاتیات اور سیاسی مفادات سے مقدم اور مقدس ہے، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں رہا، کسی کو پسند ہو یا نہ ہو،اچھا لگے نہ لگے، نئے صوبے بنانا ہوں گے،اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اتنی اہم نہیں ہوتی جتنا ملک کا مفاد عزیز ہوتا ہے، شخصی یا سیاسی مفادات کسی صورت پاکستان کے مفاد سے بڑے نہیں ہو سکتے، عام آدمی کے مسائل اُس کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے انتظامی یونٹس بنانے ہونگے، ریاست کی سالمیت اور وطن عزیز سے بڑھ کر کوئی حکومت،اقتدار یا کرسی نہیں ہے۔
ملکی بقا،ترقی اور خوشحالی کے لئے قربانی سے ایک لمحہ نہیں ہچکچائیں گے، جواس مقصدمیں ساتھ دے گا وہ ساتھ رہے گا،ورنہ اُس کو جانا ہو گا، کسی کو جانا ہے چلا جائے اس اصولی فیصلے پر اثر نہیں پڑے گا، ہزارہ صوبے کی طرح بہاولپور صوبے کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، سرائیکی صوبہ،ملتان اور انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔
عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ نئے صوبوں کی ہرفورم پر حمایت کرتے رہیں گے، جو بھی سیاسی جماعت نئے صوبوں کے لئے قدم بڑھائے گی اُس کا ساتھ دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:امریکا ایران پر جلد بڑی فتح حاصل کرنے والا ہے، امریکی صدر کا دعویٰ
صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان سے سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود اور صوبائی صدر رانا نذیر نے ملاقات کی جس دوران گلگت بلتستان سے صوبائی وزیرحاجی انور علی اور ممبر جی بی اسمبلی امام مالک بھی شریک ہوئے۔ استحکام پاکستان پارٹی نے نئے صوبوں کے لئے پارٹی کی سطح پر ٹھوس حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ۔













جمعرات 27 اگست 2026 

