پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام، 15 دہشتگرد ہلاک

Calender Icon جمعرات 3 ستمبر 2026

پاک فوج نے افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل ناکام رہی ہے اور مؤثر سرحدی انتظام سمیت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام ہے۔

مزیدپڑھیں:صدر زرداری کا دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر فورسز کو خراجِ تحسین

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔