خالی کین بیچ کر خریدی گئی لاٹری ٹکٹ نےشہری کوکروڑ پتی بنا دیا

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

مشی گن :امریکہ کی ریاست مشی گن کے ضلع لونگسٹن سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ شخص نے خالی کین بیچ کر ملنے والے پیسوں سے لاٹری کی ٹکٹ خریدی اور 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 14 کروڑ پاکستانی روپے) کا خطیر انعام جیت کر سب کو حیران کر دیا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر لاٹری حکام سے گفتگو کرتے ہوئے خوش نصیب شہری نے بتایا کہ وہ ہر اتوار کو استعمال شدہ کین ری سائیکلنگ کے لیے جمع کروا کر پیسے حاصل کرتا ہے اور انہی پیسوں سے لاٹری ٹکٹ خریدتا ہے۔ یہ اس کا سالوں سے جاری ایک باقاعدہ معمول تھا۔ اس بار اس نے ساؤتھ لائن میں واقع ایک سی وی ایس (CVS) سٹور سےسٹیمپید پے آؤٹ (Stampede Payout) گیم کا اسکریچ آف ٹکٹ خریدا تھا۔

جیتنے والے شہری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات کے کھانے کے بعد جب اس نے ٹکٹ اسکریچ کیا اور 5 لاکھ ڈالر کی رقم دیکھی تو وہ خوشی سے چیخنے اور برتن کی طرح اچھلنے لگا۔ اس کا کہنا تھا کہ خوشی اور ہیجان کے باعث اس کے ہاتھ اس قدر کانپ رہے تھے کہ وہ فوری طور پر موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ بھی اسکین نہیں کر پا رہا تھا۔

شہری کا کہنا تھا کہ مالی آزادی کا یہ احساس انتہائی خوبصورت اور غیر معمولی ہے۔ اس نے اپنی انعامی رقم کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اس رقم سے سب سے پہلے اپنے گھر کا باقی ماندہ قرض ادا کرے گا، اس کے بعد ایک شاندار چھٹی منائے گا اور اپنے تمام دوستوں کو ایک بڑی ڈنر پارٹی دے گا۔ مشی گن لاٹری حکام کے مطابق اس مخصوص اسکریچ آف گیم سے اب تک کھلاڑی 40 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم جیت چکے ہیں۔