یومِ فضائیہ،صدر مملکت کا شہداء کو خراج عقیدت، پاک فضائیہ کو داد تحسین

Calender Icon پیر 7 ستمبر 2026

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا یومِ فضائیہ پر پیغام پاکستان کے یومِ فضائیہ کے تاریخی موقع پر، میں پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتا ہوں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

بلاشبہ پاک فضائیہ کے بانیان نے قائدِاعظمؒ کے اس وژن کے مطابق اس ممتاز ادارے کی بنیاد رکھی کہ ہماری فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی افواج میں شمار ہو اور اسی مقصد کے تحت اسے تمام شعبوں میں اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول کے لیے ترقی دی گئی۔

ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت، پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔حالیہ عرصے میں پاک فضائیہ نے برادر افواج کے ساتھ ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کے ذریعے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن پر ایسا کاری وار کیا جس نے پوری دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔

بلاشبہ پاک فضائیہ کی یہ شاندار کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، جنگی عملے کی حربی مہارت، بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے مربوط اور مؤثر استعمال کا نتیجہ تھی جو جدت اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کی حکمتِ عملی کے تحت حاصل کی گئی۔

مجھے فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی شاندار روایت کو برقرار رکھا جو ہمیشہ سے اس کا طرۂ امتیاز ہے۔

بلاشبہ ہمارے شاہینوں نے اپنی بے مثال بہادری سے ثابت کر دیا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور اور وسائل سے مالا مال کیوں نہ ہو، وہ ہمارے عزم و ارادے کو کبھی متزلزل نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں:نعمان خالد ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی تعینات، افسران و ملازمین کا خیرمقدم

آج کی پاک فضائیہ ان بہادروں کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے اپنے خون سے پاک فضائیہ کی تاریخ رقم کی۔اس خصوصی دن پر، مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد و سربکف ہے۔پاک فضائیہ زندہ باد!پاکستان پائندہ باد!