پورٹس ماؤتھ میں پناہ گزینوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہوٹل کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے غلطی سے پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو پناہ کے متلاشی افراد سمجھ لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق منگل کی شب تقریباً 40 افراد پورٹسماؤتھ کے ایک چار ستارہ میریٹ ہوٹل کے باہر جمع ہوئے، جن میں متعدد نے چہروں پر نقاب پہن رکھے تھے۔ مظاہرین کو شبہ تھا کہ کشتی کے ذریعے فرانس سے آنے والے پناہ گزینوں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔
ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈوِک موقع پر پہنچے اور ہوٹل انتظامیہ سے صورتحال معلوم کی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ ہوٹل میں پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم قیام پذیر ہے، جو جنوبی ساحل کے دورے پر ہے۔
کونسلر نے مظاہرین کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا کہ وہ پناہ گزین نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹرز ہیں، جس کے بعد مظاہرین چند منٹ میں وہاں سے چلے گئے۔ انہوں نے واقعے کو ’’انتہائی بدقسمت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث شہر میں لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے نوجوان کھلاڑیوں کی خیریت دریافت کی اور دورے کے بقیہ میچز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایپل آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں اضافہ، بیٹری پرفارمنس بہتر
پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف اگلا ایک روزہ میچ بدھ کو ارنڈل میں جبکہ آخری میچ ہفتے کو گلڈفورڈ میں شیڈول ہے۔













جمعرات 10 ستمبر 2026 

