لاہور میں معروف اداکار، اسٹیج آرٹسٹ اور کامیڈین آصف اقبال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ساٹھ سالہ آصف بٹ کو دل کا دورہ پڑا، اہل خانہ انہیں ہسپتال لے کر پہنچے تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ آصف اقبال کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا اور انہیں ڈراما فیلڈ میں معروف فنکار سہیل احمد عزیزی نے متعارف کروایا تھا۔
مرحوم صرف ایک اداکار نہیں بلکہ انتہائی ذہین اور حاضر جواب فنکار بھی تھے۔ مستانہ اور ببو برال جیسے بڑے فنکار ان کے قریبی دوستوں میں شامل تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ماحول میں دوستوں کی محفلیں سجتیں، وہاں کتابوں سے زیادہ ڈرامے اور جگتوں کی باتیں ہوتیں۔ آصف بٹ نے اسی مصروفیت کے ساتھ گریجویشن مکمل کی اور فن کی دنیا میں اپنا الگ مقام بنایا۔
آصف اقبال بٹ نے امانت چن، ناصر چنیوٹی، نسیم وکی سمیت اسٹیج کے کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور اپنی برجستہ اداکاری اور جگت کے منفرد انداز سے شائقین کو محظوظ کرتے رہے۔ اداکار آصف اقبال کا انتقال اسٹیج کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی اداکاری، برجستگی اور دوستوں کے ساتھ گزاری یادیں ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے معروف اسٹیج اداکار آصف اقبال کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔













ہفتہ 19 ستمبر 2026 

