سوشل میڈیا پر سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملوں کے تناظر میں پاکستان کے جے ایف تھنڈر طیاروں کی تباہی سے متعلق چلنے والی خبروں کو سراسر جھوٹ اور من گھڑت پروپیگنڈا قرار دے دیا گیا ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکوں اور دھوئیں کے بادل اٹھنے کے واقعات پیش آئے، جن کے بعد بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سکیورٹی الرٹس جاری کیے گئے۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز، بالخصوص ایکس (ٹوئٹر) اور انسٹاگرام پر کچھ غیر مصدقہ اور فیک اکاؤنٹس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جانے لگا کہ اس حملے میں پاکستان کے جے ایف تھنڈر طیارے تباہ ہو گئے ہیں۔
تاہم جب اس دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے میڈیا اور دفاعی ذرائع کا جائزہ لیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ مین اسٹریم میڈیا یا کسی بھی مستند اور باضابطہ پاکستانی، سعودی یا بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے ایسی کسی بھی خبر کی تصدیق نہیں کی۔ دفاعی و سکیورٹی امور کے ماہرین کے مطابق، اس نوعیت کے من گھڑت دعوے محض سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلانے، فیک ویوز حاصل کرنے اور مذموم مقاصد کے تحت پروپیگنڈا کرنے کا حصہ ہیں۔
ماہرین اور متعلقہ اداروں نے واضح کیا ہے کہ ریاض ایئرپورٹ یا اس کے گردونواح میں پیش آنے والے حالیہ سکیورٹی واقعات سے متعلق تمام مصدقہ تفصیلات معتبر عالمی اور مقامی خبر رساں اداروں کے ذریعے جاری کی جا رہی ہیں، جن میں کسی بھی عسکری نقصان یا پاکستانی طیاروں سے متعلق اس جھوٹی افواہ کا دور دور تک کوئی وجود نہیں۔ عوام اور سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس طرح کی غیر مصدقہ اور من گھڑت افواہوں پر دھیان نہ دیں اور خبروں کی صداقت کے لیے صرف مستند ذرائع پر انحصار کریں۔













ہفتہ 19 ستمبر 2026 

