غیر متوقع صورتحال، امریکی شہریوں کو ایران چھوڑنے کا حکم

Calender Icon اتوار 20 ستمبر 2026

امریکی سفارتخانوں نے یمن کے حوثیوں کے حملوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی مینا کے مطابق یہ الرٹ اردن، اسرائیل، عراق، قطر، بحرین، سعودی عرب، عمان، متحدہ عرب امارات اور لبنان میں قائم امریکی سفارتخانوں کی جانب سے جاری کیا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث غیر متوقع صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ امریکی شہریوں کو سعودی عرب کے سفر کے حوالے سے احتیاط کرنا چاہئے۔

یہ الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب یمنی حوثیوں نے کچھ عرصے سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے چند روز قبل مکہ مکرمہ پر بھی ڈروں حملے کی کوشش کی تھی جسے سعودی فوجی اتحاد نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں کو زیادہ محتاط رہنے ، پروازوں کی منسوخی اور فضائی حدود کی بندش کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکا نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے اور ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ امریکی شہریوں کو عراق، لبنان، شام، یمن اور غزہ کے سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

بغداد میں امریکی سفارتخانے نے اپنے انتباہ میں خاص طور پر یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنازع مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی بھی اپنے شہریوں کیلئے سکیورٹی وارننگ
امریکی محکمہ خارجہ نے بھی الگ سکیورٹی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع میں مزید کشیدگی کا امکان موجود ہے۔

امریکی حکام نے خطے میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی حکام اور امریکی سفارتی مشنز کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔

واضح رہے یمن کے حوثی مسلسل سعودی شہروں پر حملے کر رہے ہیں ، گزشتہ روز بھی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہفتے کے روز دھوئیں کے سیاہ بادل اور شعلے دکھائی دیے جس کے بعد دارالحکومت اور قریبی شہر الخرج میں رات کے دوران ممکنہ خطرے کے ہنگامی الرٹس جاری کیے گئے۔

سعودی دارالحکومت ریاض کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، ایئرپورٹ کے قریب سے سیاہ دھوئیں کا ایک بڑا بادل بلند ہوتا دکھائی دیا۔

مزید پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی آئی کے جلسہ کی تیاریوں میں مصروف کارکنان پر نامعلوم افراد کا حملہ

سعودی سول ڈیفنس نے رات کے دوران ریاض اور الخرج میں شہریوں کے موبائل فونز پر ممکنہ خطرے کے الرٹس جاری کیے، ریاض اور الخرج میں ہفتے کی صبح دوبارہ الرٹ جاری ہوا اور کچھ دیر بعد سول ڈیفنس نے صورتحال معمول پر آنے کی اطلاع دی۔